اسلام آباد: معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلئے کردار ادا کرے۔گزشتہ روزیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیشنل کالج آف آرٹس اسلام آباد کیمپ آفس میں پوسٹر نمائش کی تقریب سے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ نوجوان کشمیر کاز کے لئے کردار ادا کررہے ہیں،مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہر تصویر میں بھارت کی جانب سے اس کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خون خرابے کو مختلف انداز میں اٹھایاگیا ہے،ہر تصویر ایک بہترین کہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو کشمیر میں آرٹیکل 370 اے کو ختم کرنے کے اقدام کو تحفظ دے کر کلین چٹ دے دی ہے اور کشمیر میں جاری نسل کشی کو تحفظ دیا جارہا ہے جوخوفناک ہے۔انہوں نے پاکستانی عوام اور تارکین وطن سے اپیل کی کہ وہ دنیا کے سامنے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں بھی دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دور کے یزید اور ہٹلر مودی کے جنگی جرائم اور دہشتگردی کے خلاف دنیا میں آگہی کے لئے فنکار موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔دریں اثنامشعال ملک نےیوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ ستمبر کے الیکشن میں کشمیر میں ہندو اکثریت لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ سے زائد بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کئے گئے، بھارت میں مسلمانوں کے تاریخی مقامات کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی کشمیر کمیٹی بنا دی گئی ہے، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔