پاک بحریہ نے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی

راولپندی : پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندرمیں بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں پھنسے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹرکو سمندرمیں پھنسی SAS-5 نامی کشتی کی ہنگامی کال موصول ہوئی،کشتی میں فنی خرابی کے باعث انجن بند ہوگیا تھا اور9 بھارتی شہری 24 گھنٹوں سے بے یارو مددگارسمندرمیں پھنسے ہوئے تھے۔

اطلاع ملنے پرپاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کی سرچ اینڈ ریسکیو کیلئے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائیرکرافٹ اورپی ایم ایس ایس کشمیرکو مامورکیا،پی ایم ایس ایس کشمیرنے مصیبت زدہ کشتی کو تلاش کرکے تکنیکی مسئلہ دورکیا اورعملے کو طبی امداد فراہم کی،فنی خرابی دورہونے کے بعد کشتی اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگئی،مصیبت زدہ کشتی 04 فروری کو بھارتی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کیلئے روانہ ہوئی تھی،پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اورپیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔