اسلام آباد: عام انتخابات 2024، امیدواروں کی انتخابی مہم کا آج آخری روز،امیدواروں کی جانب سے جاریانتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب ختم ہو جائے گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدواروں کی جانب سے چلائی جانے والی انتخابی مہم،جلسے اور ریلیاں آج رات 12بجے اختتام پذیر ہوجائیں گی اور انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد جلسے یا سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوں گی اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے ہی تمام امیدواروں کیلئے اگاہی دی جاچکی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر کاروائی ہو گی۔
ادھرایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے کہا ہے کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کیلئے3 ہزارلیپ ٹاپ کا انتظام کیا ہے ،3600 آپریٹرز کو ٹریننگ دی گئی ہے،اس سسٹم کو چلانے کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک بنایا ہے،یہ سسٹم انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرے گا۔ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن نے میڈیا کوبریفنگ کے دوران بتایا کہ8 فروری کو پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پرہوں گی،ضلعی، صوبائی،مرکزی سطح پر انتخابات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔اب تک ٹرائلزپرای ایم ایس کی کارکردگی اطمینان بخش رہی،ای ایم ایس کی ذریعے نتائج کی ترسیل کی جائے گی،تمام کنٹرول رومز 24/7 کام کر رہے ہیں، انتخابات کے نتائج آنے تک مرکزی روم مسلسل کام کرے گا،ای ایم ایس آف لائن اورآن لائن دونوں صورتوں میں کام کرے گا۔اب تک 221 شکایات موصول ہوئیں 198 کو حل کرلیاگیا ہے، سندھ، بلوچستان، کے پی میں واقعات پرآئی جیز،چیف سیکرٹریزکونوٹسزجاری کئے تھے۔
دریں اثناعام انتخابات 2024 کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے آئی جی آفس میں ویڈیو وال بنانے پر کام شروع کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ویڈیو وال 6 کروڑ روپے لاگت سے بنائی جا رہی ہے، ویڈیو وال بنانے کا کام آج مکمل ہو جائے گا۔ویڈیو وال سے لاہور سمیت پنجاب کے 36 اضلاع کے پولنگ اسٹیشنز کی آن لائن مانیٹرنگ ہوگی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کیلئے خریدا جانے والا کاغذ ختم ہوگیا ہے ،عدالتی احکامات پر حلقوں میں دوبارہ بیلٹ پیپر چھاپنے کے سبب خریدا گیا کاغذ بھی استعمال کرنا پڑا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق2018 کے مقابلے میں رواں برس عام انتخابات کے لیے 194.75 فیصد زیادہ کاغذ استعمال ہوا ہے جبکہ2018 کے مقابلے میں 2024 کے انتخابات کے لیے ووٹ کے تناسب میں 54.75 فیصد اضافہ ہوا ہے اسی طرح2018 کے انتخابات میں امیدواروں کی تعداد 11ہزار 677 تھی جنکہ2024 میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں 18 ہزار 107 امیدواروں حصہ لے رہے ہیں آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے 5 ہزار 254اور صوبائی اسمبلیوں کے 12 ہزار 853 امیدوار شامل ہیں۔
مزید برآں نگران وفاقی حکومت نے 8 فروری کو ملک میں ہونے والے الیکشن کی کوریج کے لیے میڈیا کمپلین ایپلی کیشن لانچ کردی، نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نے الیکشن 2024ء کی کوریج کے لئے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کی سہولت کے لئے میڈیا کمپلین ایپلی کیشن کا افتتاح کیا، اس ایپلی کیشن کے ذریعے آن لائن شکایات درج کرانے میں مدد ملے گی اور صحافی مسائل کی فوری اورموثر رپورٹنگ کرسکیں گے۔ ادھرعام انتخابات 2024 کے پر امن انعقاد کے لیے ڈرون کیمروں سےعام انتخابات کی کوریج پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ڈرون کیمروں پر پابندی لگانے پر غور جاری ہے۔ پنجاب بھر میں انتخابات کی کوریج ڈرون کیمروں سے نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلی پنجاب کریں گے۔