لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی بحالی اور ملازمین و پینشنرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہوگی تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔گریفن گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر میدان میں اترے ہیں، ہمارا جینا مرنا غریب عوام کے ساتھ ہے ۔ 8فروری کا دن وطن عزیز کے شاندار مستقبل کی نئی راہ متعین کرے گا،اس میں کوئی شک نہیں کہ عام آدمی بجلی کے بلز پٹرول کی قیمتوں سے پریشان ہے جنہیں ہم 300یونٹس تک مفت بجلی دے کر اس ظلم واستحصال سے نجات دلائیں گے۔ ہمیں لوگوں کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے عمل میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ میرا حلقہ میری فیملی کی طرح ہے،ووٹ یا الیکشن نہیں دکھ درد کا ساتھی ہوں اور فخر یہ ہے کہ یہاں ترقیاتی کام بھی کروائے اور خدمت خلق بھی کی ہے۔