آسٹریلیا(اُمت نیوز)آسٹریلیا نے عارضی قیام کے لیے متعارف کرائے جانے والے خصوصی ویزا کی درخواستیں وصول کرنا روک دیا ہے۔
یہ ویزا کورونا کی وبا کے دوران ہنگامی طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ ویزا گائیڈ کے مطابق یکم فروری سے درخواستیں وصول نہیں کی جارہیں۔
یہ ویزا کیٹیگری آسٹریلیا میں قانونی طور پر مقیم افراد کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔ اپریل 2020 میں متعارف کرائی جانے والی اس ویزا کیٹیگری کا بنیادی مقصد کورونا کی وبا کے باعث سرحدوں کے بندش کے نتیجے میں آسٹریلیا میں مقیم افراد کے لیے پیدا ہونے والی قانونی پیچیدگیاں دور کرنا تھا۔
آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ دی پینڈیمک ایونٹ ویزا کے نام سے لائی جانے والی اس اس ویزا کیٹیگری سے ایک طرف قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے مشکلات دور ہوئیں اور دوسری طرف معیشت کے مختلف شعبوں کے لیے افرادی قوت کی فراہمی کا اہتمام بھی ہوا۔
آسٹریلوی حکومت نے ویزا کے حامل افراد سے کہا ہے کہ وہ ملک میں قیام کو قانونی بنانے پر متوجہ ہوں کیونکہ غیر قانونی قیام کی صورت میں مستقبل میں ویزا کے حصول کے حوالے سے مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
اس سلسلے میں ویزا ایلیجیبلٹی ویریفیکیشن آن لائن سسٹم سے مستفید ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔