ہمیں مشکلوں سے باہرنکلنا اور پھرایشین ٹائیگر بننا ہے،نواز شریف

قصور: مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہماری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو آج پورے پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا۔قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا دعوے کے ساتھ کہتا ہوں نواز شریف کا دورہ جاری رہتا تو کوئی بے روزگار نہیں رہتا ،ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ہمیں ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے۔ جذبے کو پاکستان کے لیے استعمال کرو، یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کرے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے کہا تھا 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو کوئی گھر ملا، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری نہیں ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا، وہ کھو کھاتے میں پڑ گئے اور پاکستان کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 350 ڈیمز کہاں گئے، کہیں ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے، مرغیاں، انڈے، کٹے کہاں گئے، یہ سب فراڈ تھا، آج کل اتنی مہنگائی ہوگئی ہے جبکہ ہمارے زمانے میں 10 روپے میں ایک کلو سبزی ملتی تھی، 5 لاکھ روپے تک کاریں ملتی تھیں جبکہ آج 25 سے 30 لاکھ روپے کی ہوگئی ہیں، موٹرسائیکل 70 ہزار میں ملتا تھااور آج ڈھائی لاکھ روپے کا ملتا ہے۔