پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے ملکی معیشت تباہ کی ،سراج الحق

تیمرگرہ : جماعت اسلامی کے مرکزی امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف شہباز شریف،آصف علی زرداری،بلاول بھٹوز اور تبدیلی والوں نے ملک کی معیشت تباہ کردی اور قومی خزانے کو لوٹا،پی ڈی ایم نے16 ماہ کی حکومت کے دوران اپنے تمام کیسز ختم کئے،ملک مزید دو خاندانوں کی حکمرانی پرنہیں چل سکتا ،عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر ایمان دار قیادت کا انتخاب کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلامبٹ شائٹی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کنونشن سے پی کے 14کے امیدوار صاحبزادہ یعقوب خان،سعودی وزرات اوقاف کے نمائندے خصوصی مولانا الشیخ نور احمد دین مولانا عنایت اللہ اصلاحی اور مولانا عبید اللہ خلیل نے بھی خطاب کیا ،سراج الحق نے کہاکہ ملک میں عدل وانصاف کا قیام جماعت اسلامی کا یک نکاتی ایجنڈا ہے ملک میں جاری معاشی بد حالی وبد انتظامی کے خاتمے اور ملکی انتظامی اداروں کے وقار کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے حکومت کرنے والے دو خاندانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا مقروض بنا دیا ہے قوم مزید امریکہ اور دیگر قوتوں کی غلامی برداشت نہیں کر سکتی، انہوں نے کہاکہ آج بھارت اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم ہورہے ہیں ، عافیہ صدیقی امریکی جیل میں قید ہے لیکن جماعت اسلامی کے علاؤہ کسی نے ان کے حق میں آواز نہیں اٹھائی ،انہوں نے کہا کہ ملک میں آج مہنگائی بیروزگاری بدامنی ،لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سابق حکمرانوں کی وجہ سے ہیں جماعت اسلامی اقتدار میں آکر عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ملک کو پرامن و خوشحال بنائے گی ۔