راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کوٹیکسلا کے 3 مقدمات سے بری کرتے ہوئے دیگر مقدمات میں ضمانت کی درخواست کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔پولیس نے منگل کو عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا ، اس دوران پراسیکیوٹر اکرام امین مہناس کے معاون وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ پراسیکیوٹر نے صداقت عباسی کا شیخ رشید کے خلاف بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا اور تھانہ ٹیکسلا کے 3 مقدمات میں شیخ رشید کی گرفتاری مانگ لی۔
ادھر شیخ رشید احمد کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ تھانہ آر اے بازار اور جی ایچ کیو حملہ کیس کا بیان تھانہ ٹیکسلا کے مقدمے میں استعمال نہیں ہو سکتا، جس پرعدالت نے شیخ رشید احمد کو ٹیکسلا کے 3 مقدمات سے بری کر دیا۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے ملاقات نہیں ہوئی وہ مجھ سے فاصلے پر قید ہیں۔ پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا۔این اے 56 کے امیدوار شہریار ریاض کے متعلق 3 کروڑ والے دعوے پر قائم ہوں اور اس کا ثبوت بھی موجود ہے، اﷲ سے امید ہے کہ قلم دوات جیتے گی، عوام کو کہتا ہوں ایک دن باقی ہے نکلیں اور قلم دوات کو ووٹ دیں ۔