عام انتخابات میں ایک دن باقی!پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع

لاہور: (اُمت نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات میں محض ایک دن باقی ہے جس کیلئے پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی۔

کل ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی سامان پریذائڈنگ افسران اور پولنگ عملے کے سپرد کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق شق 48 اور 49 کے تحت انتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب ختم ہوئی، انتخابی مہم کا مقررہ وقت گزرنے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر مکمل پابندی ہو گی، مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد انتخابی تشہیر کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ڈے پر بھی انتخابی مہم یا ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا حوصلہ شکنی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، انتخابی عمل تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہو گی، میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد رزلٹ نشر کر سکے گا۔

واضح طور پر بتانا ہو گا کہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، آر اوز پولنگ سٹیشنوں کا مکمل غیر حتمی نتیجہ جاری کریں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرنگ افسران و پولیس ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی پابند ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی غیر قانونی تصور ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہو گئی ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں گی، کل 8 فروری کو پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ووٹرز کے پاس اصلی شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔

ووٹرز پولنگ سٹیشن کی معلومات کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔