پریذائیڈنگ افسران کو فارم 45سے متعلق ہدایات پرعمل کا حکم

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن نے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی کےخلاف اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں جمع کروانے کے لیے طریقہ کار جاری کردیا ہے جبکہ پریزائڈنگ افسران کو فارم 45سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے تمام درخواست گزاروں کو جاری ایس او پیز کے مطابق درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امیدوار ایس او پیز کے مطابق ہی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

مبینہ دھاندلی کے بارے درخواستوں کی آٹھ نقول جمع کرانی ہوگی اور اصل درخواست اس کے علاوہ ہوگی جبکہ درخواست دہندہ درخواست کی سافٹ کاپی پی ڈی ایف میں مہیا کرے گا۔درخواست دہندہ جو بھی ان کے پاس ثبوت ہوں گے وہ یو ایس بی میں دیں گے، درخواست دہندہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، موجودہ پتہ اور رابطہ نمبر لکھیں گے۔ درخواست دہندہ مدعا علیہان کے مکمل کوائف اور پتہ تحریر کریں گے، وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے پر وکالت نامہ منسلک کرنا ہو گا، صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر موصول درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ہوں گی۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواستوں کی وصولی کیلئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ 10 اور 11 فروری کو کھلا رہے گا۔