الیکشن میں شریک تمام جماعتیں تحمل،بردباری کا مظاہرہ کریں،گورنرسندھ

کراچی(امت نیوز)گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے چیف سیکرٹری،ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے فون پرعام انتخابات کے انتظامات اور سیکورٹی امور پر گفتگو کی ۔آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری نے گورنر سندھ کو انتظامی اور امن و امان سے متعلق انتظامات پر بریفنگ دی ۔ڈی جی ریِنجرز سندھ نے گورنر سندھ کو صوبے بھر میں سیکورٹی پلان سے متعلق آگہی فراہم کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک پر امن انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔گورنر سندھ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق یکساں سلوک روا رکھیں ۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پشین کے علاقے خانو زئی میں انتخابی امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکہ کی مذمت کی ہے ، انہوں نے دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوشش ہے کہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کیا جائے، لیکن وہ اپنی مذموم کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پوری قوم اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے انتخابات کا انعقاد اشد ضروری ہے، جوکہ ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے۔