کراچی (امت نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے مناظرے موازنے کا چیلنج قبول نہیں کیا جس پر افسوس ہوا،کراچی کے حوالے سے ان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، حفیظ پاشا نے پاکستان کے تمام صوبوں کا موازنہ کیا سندھ پنجاب سے ہر شعبے میں آگے ہے ۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے والے تین صوبوں کی عوام کے پاس نہیں گئے، ن لیگ کو کراچی میں مہم چلانے کیلئے آدھا گھنٹہ بھی نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے ن لیگی قائدین کا جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، حفیظ پاشا نے اپنی ایک کتاب میں پاکستان کے تمام صوبوں کا موازنہ کیا اور لکھا ہے کہ سندھ پنجاب سے ہر شعبے میں آگے ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے 16ماہ خلوص نیت سے پاکستان کی خدمت کی، پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کیلئے بھرپور محنت کی ،لیکن ان کی نیت کچھ اور تھی۔
دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن سے ایک دن قبل بدھ کو گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی ۔ چیئرمین بلاول گھنٹوں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر بیٹھے دعائیں کرتے رہے،دوسری جانب صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری نے بھی گزشتہ روز بالوجاقیا میں اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی اور فا تحہ پڑھی، مزید برآں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ہموطنوں سمیت پوری امتِ مسلمہ کو شبِ معراج کی مبارک باد دی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالی کا بتایا ہوا راستہ ہی دین و دنیا میں عروج و کمال کا راستہ ہے، آئیے سجدہ ریز ہو کر وطن عزیز کے لئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کی دعا کریں۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے جماعت الصالحین کے سربراہ اور دربار سلطان باھو کے سجادہ نشین صاحبزادہ محمد خالد سلطان کی زرداری ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں آج ہونے والے الیکشن اور سیاسی امور پر بات چیت کی گئی ۔ ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق صاحبزادہ محمد خالد سلطان کیجانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ سینئر پارٹی رہنماءشیری رحمٰن سے پیپلز لائرز فورم اور ،پی پی 160کی یونین کونسل 227سے وکلاء وفود نے ملاقات کی ،انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کی فول پروف تیاریوں کو یقینی بنانا ہو گا ،پارٹی پولنگ سٹاف کا مشترکہ واٹس ایپ گروپ بنائیں۔ پلوشہ خان نے کہا ہے کہ یہ کیسا الیکشن ہے جس میں پہلے ہی اعلانِ فتح کیا جارہا ہے، ہمارے لیے انٹرنیٹ کی بندش ناقابل قبول ، ایک ووٹ بھی چوری نہیں ہونے دینگے، اب کوئی سسٹم بیٹھا تو یہ پاکستان کو بٹھانے کی سازش ہو گی۔ سید نئیرحسین بخاری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکن پولنگ اسٹیشنز پر پہرا دینگے تاکہ ووٹ چوری کی کوئی واردات نہ ہو ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ باریاں لینے والی جماعت ن لیگ آج کے انتخابات میں صرف رائے ونڈ تک محدود ہو کر رہ جائیگی۔