پی ٹی آئی کی حمایت ،جمائمہ گولڈاسمتھ نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی

لندن (امت نیوز) بانی تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈاسمتھ نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت میں کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور ان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے 8 فروری کو پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے ایک دن پہلے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ووٹ ڈالنے کے بعد ہیش ٹیگ #votePTI کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو یا تصویر بنائیں اور بتائیں کہ میں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔قاسم خان نے یہ ٹوئٹ اپنے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے کیا لیکن اس کو توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب جمائمہ نے اسے ری ٹوئٹ کیا۔ قاسم خان نے انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں اپنے بڑے بھائی سلیمان خان کے ساتھ پی ٹی آئی کا جھنڈا تھامے یہ ٹوئٹ کی اور لوگوں سے 8 فروری کو پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ قاسم خان اور سلیمان خان کی پی ٹی آئی کا جھنڈا تھامے وہی تصویر جمائمہ گولڈاسمتھ نے ہیش ٹیگ پاک الیکشن 8 فروری لکھ کر ٹوئٹ کی اور پھر 10 منٹ بعد جمائمہ نے وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی البتہ قاسم خان کی ٹوئٹ پر ان کا ری پوسٹ اب بھی ان کی ایکس سابقہ ٹوئٹر وال پر موجود ہے۔ جمائمہ کی جانب سے 7 ہزار لوگوں کے شئیر کہے جانے کے بعد وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کی گئی۔ جمائمہ اور قاسم نے اپنی پوسٹ میں صرف پی ٹی آئی کے جھنڈے کا استعمال کیا۔