ٹانک (اُمت نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہد ہوگیا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے جاری پولنگ کے موقع پر خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
کوٹ اعظم میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن کی ڈیوٹی پر سیکورٹی دے رہی تھیو جس دوران اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب نے بتایا کہ کوٹ اعظم میں پولنگ جاری ہے، کوٹ اعظم میں کسی بھی جگہ پولنگ اسٹیشن پر حملہ نہیں ہوا، حملہ سیکورٹی فورسز کی گشت پارٹی کی گاڑی پر ہوا ہے، میڈیا پرپولنگ کے عملے پر حملے کی خبریں غلط ہیں۔
خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل حکومت کی جانب سے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری عام انتخابات کے دوران کسی بھی غیرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انتخابات کے دوران سکیورٹی کیلئے پہلے درجے پر پولیس، دوسرے درجے پر پیرا ملٹری فورسز، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج کو بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کیا گیا ہے۔