کراچی: عام انتخابات کے موقع پر سیکڑوں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ان نوجوان بچے اور بچیوں کی عمریں 18 سال یا اس سے زائد تھیں، نوجوانوں نے شہر کے تمام اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، کچھ نوجوان بچے اور بچیاں اپنے والدین کے ہمراہ آئے تھے۔
سراج الدولہ کالج کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کے لیے آنے والی انٹر کی طالبہ ثمینہ نے بتایا کہ وہ گژشتہ برس 18 سال کی ہوئی ہیں اور ووٹ کاسٹ کرنا میری زندگی کا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا، بس دعا ہے کہ جس کی حکومت آئے ملک ترقی کرے۔
ایک اور نوجوان احمد نے بتایا کہ ووٹ کاسٹ کرنا قومی فریضہ ہے جو میں نے پورا کر دیا ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں۔