پشاور کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 30 میں ووٹ ڈالنے کو گناہ قرار دیتے ہوئے پابندی سے متعلق پمفلٹ تقسیم کردیے گئے، پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کا استعمال شرعا ناجائز ہے۔
پملفٹ علاقہ سب ڈویژن حسن خیل میں تقسیم کیے گئے ہیں ، کالعدم تحریک طالبان کے عبدالرحیم گروپ کی جانب سے تقسیم کیےگئے ان پمفلٹس میں حلقہ این اے 30 میں ووٹ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
پمفلٹ کے متن میں ووٹ کا استعمال کا شرعا ناجائز قراردیتے ہوئے اسے جمہوریت و اسلام مخالف نظام قراردیا گیا ہے۔
پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ ووٹ عورت کو بھی حکمرانی کا حق دیتا ہے جو اسلام میں جائز نہیں۔ ووٹنگ میں مسلمانوں کی اجتماعیت تقسیم ہوتی ہے،اس لیے ووٹ ڈال کر اسلام کی نفاذ کی راہ میں تاخیر اور رکاوٹ کا سبب نہ بنیں۔
پمفلٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنا گناہ ہے لہذا اس گناہ سے بچنا چاہیے۔