اسلام آباد: ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل ختیم اور ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی،تاہم 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد نے ووٹ کاسٹ کیے۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج 6 بجے کے بعد نشر کیے جائیں گے۔
ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے تھے۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔ 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز پر وقت بڑھا دیا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 62 گجرات اور پی پی 28 گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے وقت میں دو گھنٹے کا اضافہ کیا۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 260، 304 اور 338 پر پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ڈی ار او گجرات کو مراسلہ لکھ دیا۔
الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کی درخواست پر پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا۔گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز میں شام سات بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔
بنوں میں امیدوار کی فائرنگ، پولنگ روک دی گئی
بنوں میں امیدوار کی فائرنگ کے بعد پولنگ اسٹیشن نمبر 104 پر پولنگ روک دی گئی۔
امیدوار نے پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کی جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق حلیم زادہ پی کے 99 پر پی ٹی آئی پی کا امیدوار ہے۔
پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے امیدوار اسلحہ کی نوک پر بیلٹ پیپر چھین کر لے گئے۔فائرنگ کے بعد پولنگ اسٹیشن نمبر 104 پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
خیر پور: 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم، متعدد افراد زخمی
خیرپور میں پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
دو سیاسی جماعتوں میں تصادم کا واقعہ نارا پولنگ اسٹیشن پر پیش آیا۔پولنگ اسٹیشن پر تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔