پولنگ اسٹیشنزپرحملے،لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق

لاہور،روالپنڈی،اسلام آباد، کراچی(امت نیوز)عام انتخابات میں پولنگ کے دوران کئی شہروں میں لڑائی جھگڑوں ،فائرنگ اور پر تشدد واقعات پیش آئے، جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے، بیلٹ پیپر چھیننے کے واقعات بھی سامنے آئے،کئی مقامات پر پولنگ کا عملی بھی روکا رہا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گوادر میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی سمیت مختلف علاقوں کے پولنگ اسٹیشن میں متعدددھماکے ہوئے، دو لیویز اہلکار کانسٹیبل نسین اور بوہار حالی بخش زخمی ہوگئے تاہم حملے میں اسسٹنٹ کمشنر محفوظ رہے ۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر کلی احمد زئی میں واقع پولنگ اسٹیشن کے قریب قبرستان میں دھماکہ ہوا تاہم دھماکے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

کوئٹہ کے علاقے شیخ ماندہ میں ایک گاڑی میں سوار تھے 4سے 5افراد نے پولنگ اسٹیشن کے قریب آکر فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی کاروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ کوہلو میں حلقہ پی بی 9سے آزاد امیدوار میر لیاقت مری کے بھائی کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میر لیاقت مری کے بھائی میر مصطفی مرد سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 6دکی میں پولنگ اسٹیشن گرلز پرائمری سکول نور محمد میں پولنگ ایجنٹس پر تشدد اور فائرنگ سے چار افراد فضل کریم ، عبدالہادی، ظہیر محمد، محمد افضل زخمی ہوگئے ۔ زیارت کی تحصیل سنجاوی میں پی بی 7 کے پولنگ اسٹیشن پر دو گروہوں میں تصادم ہوا جس کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ۔

مہمند میں اے این پی اور پی ٹی آئی کارکنان میں ہاتھا پائی کے دوران پریزائڈنگ افسر زخمی ہوگئے۔حلقہ پی کے 67گورنمنٹ جی جی پی ایس شہید بانڈہ 165 کے مشترکہ پولنگ اسٹیشن پر ہاتھا پائی کا واقعہ ہوا، واقعے کے بعد پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عمل روک لیا گیا۔بنوں میں امیدوار نے پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کی جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق حلیم زادہ پی کے 99 پر پی ٹی آئی پی کا امیدوار ہے۔پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے امیدوار اسلحہ کی نوک پر بیلٹ پیپر چھین کر لے گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کے کئی واقعات پیش آئے۔ حیدرآباد میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 219 اور این اے 220 میں دوران ووٹنگ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنوں میں جھگڑوں کے باعث پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بن گئے، 5 افراد زخمی ہو گئے،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 219 اور پی ایس 63 لطیف آباد سمیت کئی پولنگ اسٹیشنوں سے مسلح افراد پولنگ کے عملے سے بیلٹ پیپر باکس چھین کر فرار ہو گئے۔ فوج، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔ خیرپور میں پولنگ سٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

سندھ کے ضلع میرپور خاص میں این اے 212 ٹنڈو جان محمد میں پیپلزپارٹی رہنما کا چوکیدار فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔جھنگ کے صوبائی حلقہ پی پی 127 کے پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم افراد دھاوا بول کر بیلٹ باکس اٹھا کر فرار ہوگئے،مسلح افراد کی جانب سے پریزائڈنگ آفیسر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔تلہ کنگ پولنگ سٹیشن اکوال کے باہر سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے۔