پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل ، کامران اور سعود کی سنچریاں

کراچی (امت اسپورٹس ڈیسک) سوئی ناردرن گیس نے واپڈا کے خلاف پریزیڈنٹ ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل میں اپنی پہلی اننگز کے 80 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 479 رنز بنا ڈالے۔ ان کی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان، کامران غلام اور سعود شکیل کی سنچریاں تھیں۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں واپڈا نے ٹاس جیت کر ایس این جی پی ایل کو بیٹنگ دی۔ واپڈا کو ابتدا ہی میں اس وقت کامیابی مل گئی جب عابد علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنا ڈالے۔ صاحبزادہ فرحان نے 22 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے161 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام نے 101رنز کی اننگز کھیلی ۔تیسری سنچری سعود شکیل کی تھی، جنہوں نے 123 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ واپڈا کی طرف سے کپتان افتخار احمد اور طاہر حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔