اسلام آباد (امت نیوز) ملک بھر میں انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں، کارکنوں اور دیگر افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ تفیلات کے مطابق کراچی کے ضلع غربی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) آفس کو سیل کردیا گیا اور سکیورٹی خدشات کے باعث آفس کے باہر پولیس اور رینجرز کو تعینات کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے مطابق نتائج نہ ملنے پر ڈی آر او آفس کے باہر جمع ہوئے تھے، فارم 45 کے مطابق جیت چکے ہیں تاہم نتائج روک دیے گئے۔
کوئٹہ میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے نتائج میں تاخیر کے خلاف کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں پی بی 42 کے امیدوار عبدالخالق ہزارہ، پی بی 40کے امیدوار قادر علی بھی شریک ہوئے، عبدالخالق ہزارہ نےکہا کہ خدشہ ہے ہمارے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے، گزشتہ رات سے ہم یہاں موجود ہیں لیکن ہمیں نتائج نہیں دیے جا رہے۔
کوہاٹ کے ڈگری کالج کے باہر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ کارکنوں نے شدید احتجاج کیا، جس پرپولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ۔باجوڑ سےپی کے 20 اور 21 کے نتائج میں تاخیر کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سےاین اے 106 کے نتائج میں تاخیر کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔حافظ آباد میں پی پی 37 میں نتائج میں تاخیر کی وجہ سے لیگی اور پی ٹی آئی امیدوارشاہد حسین بھٹی اور اسداللہ آرائیں رزلٹ لینے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر آئے جہاں انہوں نے تو تکار کے بعد گالی گلوچ شروع کر دی، دونوں امیدواروں کے حامیوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکیں اور تھپڑ اور گھونسے مارے۔ این اے 67کے نتائج میں تاخیر پر پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن دن بھر آر او آفس کے سامنے شاہراہ پر براجمان رہے جس سے ٹریفک بلاک رہی۔