کراچی(امت نیوز) ڈیفینس میں جج کے نوجوان بیٹے کو دوست نے تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزم دوست کو گرفتار کرلیا۔درخشاں تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 5 بنگلہ نمبربی 4/18 میں فائرنگ سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ جاوید کیریو کا جواں سال بیٹا علی کیریوفائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں اسپتال منتقلی کے دوران وہ دم توڑ گیا۔پولیس حکام کے مطابق مقتول علی کیریو اپنے دوستوں کے ساتھ ان کے گھر پر موجود تھا جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول علی کیریو اپنے دوست دانیال نذیر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
ملزم دانیال نذیر ریٹائرڈ ایس پی نذیر میر بحر کا بیٹا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کے بیٹے علی کیریو کے جاں بحق ہونے کا واقعہ جمعرات کو پیش آیا، پولیس نے مقتول کے دوست دانیال نذیر کوگرفتار کرکے اس کے خلاف مقتول علی کیریو کے کزن شہباز عالم کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 24/69 بجرم دفعہ 302 کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ وہ 8 فروری کو اپنے چچا کے گھر فلیٹ نمبر 103 ججز اپارٹمنٹ اسٹریٹ 11 اے باتھ آئی لینڈ کلفٹن میں موجود تھا کہ جہاں دانیال نذیر نے ان کے کزن علی کیریو کو تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا اس حوالےسے تفتیش کی جا رہی ہے۔