انتخابی عمل میں مداخلت پر تشویش: امریکا، برطانیہ کے بھی تحفظات

واشنگٹن(امت نیوز) امریکا نے پاکستان میں عام انتخابات کے دوران تشدد کے واقعات، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی مذمت کی ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر تشویش ہے۔ انتخابی عمل میں مداخلت یا دھوکہ دہی کے دعوو¿ں کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔ انتخابی عمل کے دوران اظہارِ رائے کی آزادی، پ±ر امن اجتماع میں رکاوٹوں، تشدد اور موبائل فون سروسز کی بندش جیسے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بروقت اور مکمل نتائج کے منتظر ہیں جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاسی کرتے ہوں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں نئی آنے والی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو سہارا دے کر اپنی شراکت داری کو تقویت دینے کے منتظر ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں انتخابات کے بارے میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں لاکھوں پاکستانیوں نے ووٹ ڈال کر اپنی رائے کا اظہار کیا جو خوش آئند ہے، پاکستانی خواتین، مذہبی اور نسلی اقلیتی گروپوں کے ارکان اور نوجوانوں کی ریکارڈ تعداد بطور ووٹررجسٹرڈ تھی۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کی جہاں انہوں نے پاکستان میں عام انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔بریفنگ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو قبول کرے گا جس پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم انتخابی عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں ووٹنگ کے دوران پرتشدد واقعات کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تشدد نے پورے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو متاثر کیا ہے، پاکستان کی قیادت کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی دلچسپی جمہوری عمل میں ہے، الیکشن کے دوران آزادی اظہار پر پابندیاں پریشان کن ہیں ۔

ادھر برطانوی وزیر دفاع ڈیوڈ کیمرون نے انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو باضابطہ طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی اور کچھ سیاسی رہنمائوں کو حصہ لینے سے روکنے کیلئے قانونی طریقہ کار کا استعمال کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستانی سیاست دانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی کے دوران پرسکون رہیں اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے انتخابات کے موقع پر پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے موبائل سروسز کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بھیجی گئی اپنی ای میل میں کہا کہ وہ پاکستانی انتخابات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پر امید ہیں۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تمام سیاسی رہنماﺅں کو مشورہ دیا کہ وہ ووٹوں کی گنتی اور حتمی اعلان تک خود بھی پرسکون رہیں اور اپنے کارکنان کو بھی صبر کرنے کی تلقین اور ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز کریں جو تشدد کو بڑھاوا دیتی ہو۔

ادھر پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں بڑے ٹرن آوٹ کو یورپی یونین نے خوش آئند قراردیدیا۔یورپی یونین کا کہنا ہے کہ خواتین اور اقلیتوں کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے،کثیر تعداد میں ووٹ ڈالنا جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستانی عوام کے جمہوری نظام پر اعتماد کا اظہار ہے،یورپی یونین اس عمل کو خوش آئند قرار دیتا ہے تمام متعلقہ اداروں کو انتخابی عمل سے متعلق تحفظات اور شکایات کو حل کرنے کی ضرورت ہے ،یورپی یونین سیاسی آگاہی، آزاد میڈیا اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔