شیر دھاڑا نہ تیرچلا،آزاد امیدواروں کابغیر بلے کے چھکا

اسلام آباد(امت نیوز) عام انتخابات 2024ء کے دنگل میں شیر چلانہ تیر ،آزادامیدواروں نےبغیر بلے کے چھکاماردیا، بڑے بڑے برج بھی الٹ گئے۔قومی اسمبلی کی کل265نشستوں میں سے247 کے غیر سرکاری اورغیرحتمی نتائج کے مطابق100 سیٹوں پر آزاد،69پر ن لیگ ،53پرپیپلزپارٹی،15پر ایم کیوایم ،3پر ق لیگ ،2 پر آئی پی پی ،1پرمجلس وحدت المسلمین اور 2سیٹوں پر جےیو آئی ف نےکامیابی سمیٹ لی۔قائد ن لیگ نواز شریف، شہباز شریف ، مریم نواز،حمزہ شہباز، یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ، نفیسہ شاہ،چودھری سالک حسین،خورشید شاہ،فاروق ستار،اختر مینگل، اسد قیصر جیت گئے۔لیگی قائد مانسہرہ ،بلاول بھٹو لاہور کی سیٹ ہار گئے، جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین،رانا ثنا اللہ،شیخ روحیل اصغر،عابد شیر علی،پرویز الہٰی،شیخ رشید،چودھری نثار، غوث علی شاہ،سلیم مانڈوی والہ،ثنا اللہ زہری،فیصل صالح حیات،قیصرہ الہٰی،سابق وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان، پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک بھی بیٹے اور داماد سمیت ہار گئے۔

(ن) لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق حلقہ این اے 122 لاہورسے ہار گئے ،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار لطیف کھوسہ جیت گئے ۔استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں (لودھراں اور ملتان) سے ہار گئے۔گجرات میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو سالک حسین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو لوئر دیرون سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 6 سے کامیابی حاصل نہ ہوئی۔عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان کوچارسدہ این اے 25 ،عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کےامیر حیدر خان ہوتی کو این اے 22 مردان سےشکست کا سامنا کرنا پڑا۔سابق وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان بھی سوات پی کے 10 سے الیکشن میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی بھی اپنی نشست نہ جیت سکیں۔شیخوپورہ کے حلقہ این اے 115سےمیاں جاوید لطیف کو شکست ہوگئی جبکہ سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور پشاور کے حلقے این اے 32 سے ناکام رہے۔قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے حلقہ این اے 130سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دیدی تاہم وہ مانسہرہ کی سیٹ ہارگئے۔ شہباز شریف ،مریم نواز ، حمزہ شہباز نے بھی قومی و صوبائی حلقوں میں کامیابی حاصل کر لی۔ نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130سے ایک لاکھ 71ہزار 24ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ،ڈاکٹر یاسمین راشد کو ایک لاکھ 15ہزار 43ووٹ ملے۔شہباز شریف لاہور سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی سیٹیں جیت گئے،انہوں نے حلقہ این اے 123سے 63ہزار 953،پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158سے 38ہزار 642ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ مریم نواز قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر کامیاب ہو گئیں۔ انہوں نے حلقہ این اے 119 لاہورپر 83 ہزار 855 ووٹ جبکہ لاہور کے حلقہ پی پی 159سے 23ہزار 598ووٹ لئے،حمزہ شہباز نے لاہور کے حلقہ این اے 118میں ایک لاکھ 5ہزار960ووٹ حاصل کرکے میدان مارلیا۔این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے عون چوہدری ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

این اے 127 سے ن لیگ کے عطا تارڑ 98 لاکھ 210 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار ظہیر عباس کھوکھر83 ہزار230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔لاہور کے حلقہ این اے 121 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر 78 ہزار 703 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر 70 ہزار 597 ووٹ لے کر ناکام ہوگئے۔ این اے 124 سے ن لیگ کے رانا مبشر اقبال نے 55387 ووٹوں کے ساتھ میدان مار لیا۔ این اے 126 ن لیگ کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر نے 67 ہزار 717 ووٹ لے کر سیٹ بچا لی ۔ این اے 129 میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امید میاں محمد اظہر نے لیگی امیدوار میاں نعمان کو بڑے مارجن سے ہرا دیا۔لاہور میں این اے 117 سے آئی پی پی کے علیم خان جیت گئے۔ این اے 120 سے ایاز صادق، این اے 125 سے افضل کھوکھرکامیاب قرار پائے۔ این اے 56 راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی 96 ہزار 649 ووٹ لیکر کامیاب رہے ، عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید 5725 ووٹ لیکر پانچویں نمبر پر رہے۔این اے 55 راوپنڈی 4 میں ن لیگ کے ابرار احمد 78542 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ آزاد امیدوار محمد بشارت راجہ 67101 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 58 چکوال ن لیگ کے طاہر اقبال ایک لاکھ 15 ہزار 974 ووٹ لے کر جیتے جبکہ آزاد امیدوار ایاز میر 102537 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 53 راولپنڈی 2 سے (ن) لیگ کے قمر الاسلام 72006 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے،چوہدری نثار 44072 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔این اے 51 مری کم راولپنڈی سے ن لیگ کے اسامہ سرور ایک لاکھ 49 ہزار 250، این اے 54 سے آزاد امیدوار عقیل ملک 85 ہزار 912 ،راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 سے مسلم لیگ ن کے دانیال چوہدری83331ووٹوں کے ساتھ فتح یاب رہے ۔این اے46 اسلام آبادسے مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل خان 39 ہزار 564 ووٹ،حلقہ این اے 47 میں مسلم لیگ ن کے طارق فضل چوہدری 102502 ،این اے 48 اسلام آباد سے استحکام پارٹی کے نامزد آزاد امیدوار راجہ خرم نواز 89699 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ این اے 76 نارووال سے احسن اقبال کامیاب ہو گئے۔

حلقہ این اے 60 جہلم 1 سے 99 ہزار 948 ووٹ لے کر ن لیگ کے بلال اظہر کیانی جیت گئے۔پنڈدادنخان حلقہ این اے 61 جہلم میں مسلم لیگ ن کے چوہدری فرخ الطاف 88238 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔گجرات کے حلقہ این اے-64 میں مسلم لیگ (ق) کے سالک حسین نے اپنی پھوپھی اور پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوارقیصرہ الہٰی کو شکست دے دی۔ چوہدری سالک حسین نے ایک لاکھ 5 ہزار 205 جبکہ قیصرہ الٰہی نے 80 ہزار 946 ووٹ حاصل کئے۔ملتان کے حلقہ این اے 151 سے پیپلزپارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79080 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، تحریک انصاف کی حمایت یافتہ مہر بانو قریشی 71649ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔حلقہ این اے 265 سےجے یو آئی( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کامیاب ہوگئے۔انہوں نے 52 ہزار529 ووٹ لئے۔ملتان کے حلقہ این اے 149 سے رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین کو آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر نے پچھاڑ دیا۔غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ملک عامر ڈوگر ایک لاکھ 43 ہزار 613 ووٹ حاصل کرکے فاتح رہے جبکہ جہانگیر ترین 50 ہزار 166 ووٹ حاصل کرسکے۔لودھراں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 میں بھی جہانگیر ترین کو رہنما مسلم لیگ (ن) صدیق خان بلوچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

صدیق خان بلوچ نے ایک لاکھ 17 ہزار 671 ووٹ حاصل کیے جبکہ جہانگیر ترین 71 ہزار 128 ووٹ حاصل کرسکے۔این اے 49 اٹک 1 میں ن لیگ کے شیخ آفتاب احمد 119727 ووٹوں کے ساتھ کامیاب جبکہ آزاد امیدوار طاہر صادق 110230ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑاپرویز خٹک کو پی پی 87 نوشہرہ میں آزاد امیدوار خلیق الرحمٰن نے شکست دی۔ سابق وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان بھی کامیاب نہ ہو سکے۔این اے ون چترال سے آزاد امیدوار عبداللطیف 61 ہزار 434 ووٹ لیکر کامیاب اور جے یو آئی کے طلحہ محمود 42 ہزار 987 ووٹ لیکر ہارگئے۔این اے5 دیر بالا سے آزاد امیدوار حاجی صبغت اللہ 90 ہزار 261،این اے 7 لوئر دیرسے آزاد امیدوارمحبوب شاہ 84 ہزار 843،این اے 14 مانسہرہ سے ن لیگ کے سردار یوسف 1 لاکھ 15 ہزار 544،این اے 15مانسہرہ سے آزادامیدوار شہزادہ گتاسپ خان ایک لاکھ 5ہزار 249ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ نواز شریف نے80ہزار 382ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔حلقہ این اے 16 ایبٹ آبادسےآزاد امیدوار علی اصغرخان1 لاکھ 4 ہزار993 ،حلقہ این اے17 ایبٹ آباد II سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی خان جدون 97 ہزار 177، حلقہ این 19 صوابی سےپی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اسد قیصر ایک لاکھ 15 ہزار 635،این اے 21 مردان سےپی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ماجد علی116،049، این اے 25 چارسدہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ فضل محمد خان ایک لاکھ 713 ،این اے 26 مہمند سے آزاد امیدوار ساجد خان 41 ہزار 489،این اے 31 پشاور سے آزاد امیدوارشیرعلی ارباب 50 ہزار 722 ،این اے 33 نوشہرہ سے آزاد امیدوار سید شاہ احدعلی شاہ 93 ہزار429 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے پرویز خٹک ہارگئے۔

این اے 36 ہنگو سے آزاد امیدوار یوسف خان 73 ہزار 76،این اے 38 کرک سے آزاد امیدوار شاہد خٹک ایک لاکھ 18 ہزار 56 ووٹ لے جیتے۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آبائی حلقے ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈا پور سے ہار گئے۔ حلقہ این اے 44 سےعلی امین گنڈا پور بحیثیت آزاد امیدوار 92 ہزار 612 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، مولانا فضل الرحمٰن 59 ہزار 364 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔این اے 2 سوات 1 سے آزاد امیدوار امجد علی خان 88938 ووٹ لے کر کامیاب ن لیگ کے امیر مقام 37764 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 3سوات 2 سے آزاد امیدوار سلیم رحمٰن81411 ووٹ لے کر کامیاب ،ن لیگ کے واجد علی خان 27861 ووٹ لے کرہار گئے۔ این اے 4 سوات 3 سےآزاد امیدوار سہیل سلطان 88 ہزار 9 ووٹ لے کر جیتے، تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے محمود خان 16 ہزار 813 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ا ین اے 5 دیر بالا سے آزاد امیددوار صاحبزادہ صبغت اللہ 90 ہزار 261 ،این اے 6 لوئر دیر 1 سے آزاد امیدوار بشیر خان 81 ہزار 60 ووٹ لے کر جیتے جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 56 ہزار 538 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے7 لوئر دیر 2 سے آزاد امیدوار محبوب شاہ84 ہزار 843 ،این اے 9 ملاکنڈ سے آزاد امیدوار جنید اکبر 1 لاکھ 13 ہزار 513 ، این اے 10 بونیر سے آزاد امیدوار گوہر علی خان ایک لاکھ 10 ہزار 23 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔این اے 11 شانگلہ سے ن لیگ کے امیر مقام 59863،این اے 13 بٹگرام سےپی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد نواز خان 24686 ووٹ لے کر جیتے ۔ این اے 18 ہری پور سے آزاد امیدوار عمر ایوب 192948 ،این اے 20 صوابی 2 سے آزاد امیدوار شہرام خان 1لاکھ 22 ہزار 965 ، این اے 22 مردان میں آزاد امیدوار محمد عاطف 114748 ووٹ لے کر جیتے، ان کے مقابلے میں اے این پی کے امیر حیدر ہوتی66159 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 24 چارسدہ 1 سے آزاد امیدوار انور تاج 89ہزار 801 ووٹ لے کر جیتے جبکہ قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ 34 ہزار 415 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 25 چارسدہ 2 میں آزاد امیدوار فضل محمد خان نے اے این پی کے ایمل ولی خان کو ہرایا۔این اے 28 پشاور 1 سے جے یو آئی ف کے نورعالم خان 1 لاکھ 38 ہزار 389 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔این اے 30 پشاور 3 میں آزاد امیدوار شاندانہ گلزار خان 78971 ووٹ لے کر جیتیں۔سندھ سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی اکثریت کامیاب رہی۔این اے 198 گھوٹکی سے پیپلزپارٹی کے خالد لوند 1لاکھ20ہزار259،گھوٹکی کے حلقہ این اے-199 میں پیپلز پارٹی کےعلی گوہر خان مہر ایک لاکھ 54 ہزار 832 ،این اے 200 سکھر 1 سے جی ڈی اے کے دیدار علی 41 ہزار911 ، این اے 201 سکھر سے پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ 120،219 ،خیرپور حلقہ این اے 202 سے پیپلز پارٹی کی نفیسہ شاہ 121,756 ووٹوں سے کامیاب جبکہ جی ڈی اے کے سید غوث علی شاہ 26,745 ووٹوں کے ساتھ ہار گئے۔این اے 212میرپورخاص سےپیپلزپارٹی کے منور تالپور1لاکھ21ہزار972، این اے-216 مٹیاری سے پیپلز پارٹی کےمخدوم جمیل الزماں ایک لاکھ 24 ہزار 536 ،این اے 225 ٹھٹھہ سے پی پی پی کے صادق علی میمن 140،773 ، این اے 217 ٹنڈو الہیارسےپیپلز پارٹی کے ذوالفقار بچانی 115,672،این اے 222 کراچی سے پیپلزپارٹی کے غلام علی تالپور 1لاکھ 13ہزار916، این اے 229 ملیر سے پیپلزپارٹی کے جام عبدالکریم 55732،این اے 230 سے پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ 32099،این اے 231 ملیر سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 43 ہزار 634 ،این اے 232سے ایم کیوایم پاکستان کی آسیہ اسحاق 88ہزار 260 ،این اے233کورنگی سےایم کیوایم کے جاوید حنیف 1لاکھ 3ہزار967،این اے236کراچی شرقی سے ایم کیوایم کے حسان صابر 38871 جیتے۔این اے 240کراچی جنوبی میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو شکست ہوگئی۔

ایم کیوایم کے ارشدوہرہ این اے240سے 30573ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ سلیم مانڈوی والا کو 17091 اور آزاد امیدوار رمضان گھانچی کو 27318ووٹ ملے۔این اے 244 سے ایم کیوایم کے فاروق ستار 20048 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ۔بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 261 قلات سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے3 ہزار 404 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔ پیپلز پارٹی کے سردار ثنا اللہ خان زہری 2871 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔شہباز شریف این اے 132 قصور 2 سے بھی 124000 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔خرم دستگیر این اے 78 گوجرانوالہ کی سیٹ ہار گئے۔تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد مبین عارف 106169 ووٹ لے کر جیت گئے۔خرم دستگير خان 88308 ووٹ لے سکے۔این اے 195 لاڑکانہ 2 میں یپپلز پارٹی کے نظیر احمد بھگیو 133830 ، این اے 196 قمبر شہداد کوٹ سےبلاول بھٹو زرداری 85370 ،این اے 195 لاڑکانہ 2 میں یپپلز پارٹی کے علی گوہر خان 154832 ،این اے 201 میں پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ 120219 ،این اے 202 خیرپور 1 سے پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ ،این اے 207 میں آصف زرداری کامیاب قرار پائے ۔این اے 216 مٹیاری میں پیپلز پارٹی کے مخدوم جمیل الزماں 124536 ،این اے 217 ٹنڈو اللہ یار پیپلز پارٹی کے ذوالفقار بچانی 115000 ،این اے 225 ٹھٹھہ سے پیپلز پارٹی کے صادق علی میمن 14077 ، این اے 229 ملیر 1 سے پیپلز پارٹی کے جام عبدالکریم بجار 55 ہزار 732 ،این اے 230 ملیر 2 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید رفیع اللہ 32 ہزار 99 ، این اے 232 کورنگی 1 سے متحدہ قومی موومنٹ کی آسیہ اسحٰق 88 ہزار 260 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔