لاہور: قومی اسمبلی کی تمام نشستوں کے نتائج آ جانے کے بعد سیاسی جماعتوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ ایوان میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعتیں حکومت سازی کے لیے کوشاں ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی آج چوہدری شجاعت حسین سے اُن کے گھر پر ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں سینیر سیاست دان وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے حوالے سے یہ ابتدائی نوعیت کا رابطہ ہوگا۔ اس ملاقات میں چند بنیادی باتوں پر اتفاقِ رائے کی صورت میں مزید رابطوں کی راہ ہموار ہوگی۔ اس وقت کوئی بھی بڑی پارٹی حکومت سازی کے حوالے سے کسی کو حتمی طور پرکوئی واضح یقین دہانی کرانے کی پوزیشن میں نہیں۔