لاہور: انتخابی نتائج کے بعد سیاسی پنڈتوں نے رابطے تیز کر دیے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت متحرک ہوگئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان آج اہم ملاقات متوقع ہے جس میں حکومت سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری اور نوازشریف کی جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات ملتوی ہوگئی تھی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کر کے پھر قدم آگے بڑھایا جائے گا، آصف زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو ملاقات کیلیے طلب کر لیا ہے۔
سینئر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کیلئے بلاول بھٹو لاہور سے اسلام آباد چلے گئے، آصف زرداری بھی جلد شہر اقتدار پہنچیں گے۔
حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کر چکے ہیں جس میں کسی قسم کا اتفاق رائے نہ ہوسکا ہے۔
آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات سے متعلق ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، مزید بات چیت پر اتفاق کیا گیا ہے۔