کراچی : 2 کروڑمالیت کے موبائل فونزسے بھری وین لوٹ لی گئی

کراچی(امت نیوز)شہر قائد کے علاقے فیروز آباد میں موبائل فونز سے بھری وین چھین لی گئی جن کی مالیت دو کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیروز آباد میں دو کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز سے بھری وین چھین لی گئی۔کوریئرکمپنی کی ڈیلیوری وین صدر کے علاقے سے موبائل فون لے کرنکلی تھی کہ ملزمان نے فیروزآباد میں سائیڈ مارکرڈیلیوری وین کو روکا اورگاڑی کو ڈرائیورسمیت ساتھ لے گئے۔رپورٹ کے مطابق واردات کرنے والے مسلح ملزمان رکشے اور لوڈنگ گاڑی میں سوار تھے جنہوں نے 45 منٹ بعد ڈرائیورکو اتارکرڈیلیوری وین لے کر فرارہوگئے۔

ڈرائیور نے ہیڈ آفس پہنچ کر واردات کی اطلاع دی تو ٹریکرکی مدد سے وین کا سراغ لگایا گیا جو بعد ازاں ٹیپو سلطان کے علاقے پارسا ٹاورکے قریب لاوارث حالت میں ملی۔کمپنی کا عملہ جب وین تک پہنچا تو وہ خالی تھی۔دریں اثنا فیروز آباد تھانے میں موبائل سے بھری وین لوٹنے کی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق صدراسٹار سٹی مال سے موبائل فون سے بھری وین کو لوڈ کیا گیا تھا۔

دو موٹرسائیکلوں پرچارملزمان نے واردات کی۔واردات کے حوالے سے پولیس حکام نے کہاکہ کوریئرکمپنی کی ڈیلیوری وین کے ڈرائیورکا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے۔ ڈرائیورنے واردات کا وقت رات سوا دس بجے کا بتایاکہ جب کہ وین میں موبائل فون کے 35 کارٹن موجود تھے اورہرکارٹن میں 10 سے 12 موبائل فونز موجود تھے۔پولیس کے مطابق موبائل فون کی مالیت لگ بھگ 2 کروڑ روپے کے قریب بتائی جا رہی ہے جب کہ واردات کے مقام پر اطراف میں کسی کو واقعے کا علم نہیں تھا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کیڈا)محمد رضوان عرفان نے کہاکہ اس طرح کی یہ 14ویں واردات ہے،اس کی مذمت کرتے ہیں، آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔