وزیراعلیٰ کےپی کیلئے عاطف خان کانام زیر غور،اسد قیصر

پشاور(امت نیوز) پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کا فیصلہ کر لیا ہے،انتخابات میں تحریک انصاف کے نامزد امیداروں کی خیبر پختونخوا میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد صوبے میں حکومت بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں،تحریک انصاف کی قیادت نے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا،پاکستان تحریک انصاف بحیثیت جماعت اگرچہ پارلیمانی سیاست کا حصہ نہیں لیکن خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے لیے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

سابق اسپیکر اسد قیصر نے بتایا کہ الیکشن کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مشاورت جاری ہے، بانی چیئرمین عمران خان سے بھی رابطہ کررہے ہیں اور پی ٹی آئی کی قیادت کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے،انٹرا پارٹی الیکشن کے علاوہ عدالت سے رجوع کرنے کے بارے میں بھی سوچا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ کون ہوگا، اس پر بھی مشاورت کی جائیگی۔

انہوں نےکہا کہ علی امین گنڈا پور چونکہ مقدمات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اسلئے عاطف خان کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے ضمنی الیکشن میں ایم پی اے بنانے پر بھی غور کیاجا سکتا ہے ۔