راولپنڈی (امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی راولپنڈی اور اٹک میں درج 9 مئی واقعات کے 12 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلی گئیں، انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔سماعت بغیر کارروائی کے 15 فروری تک ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر چھٹی پر ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی کردی گئی ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
مزید برآں سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کیخلاف 2015 سے دائر غداری کیس کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آئندہ عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلیے پانچ معمول کے مطابق جبکہ ایک پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ آئندہ ہفتے اہم مقدمات پر سماعت کرے گا۔
مذکورہ تین رکنی بینچ ایاز صادق کی جانب سے 2015 میں عمران خان کے خلاف دائر انتخابی غداری کیس کی سماعت کرے گا۔دریں اثناء انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9مئی کے مختلف واقعات میں ملوث گرفتار 279ملزمان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ضمانتوں پر مزید سماعت 12فروری تک کے لیے ملتوی کر دی ،جبکہ عدالت نے 12فروری کو ملزمان کی درخواستوں پر فیصلہ سنانے کی ہدایت کر دی ہے۔مزید برآں جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پرسپیشل پراسیکیوٹر منصور بخاری کو دلائل کے لیے 16 فروری تک مہلت دیدی۔ کراچی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ فیروز آباد اور سولجر بازار کے مقدمات میں تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظورکرلی ہے، عدالت نے دونوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ۔