دہشت گردی کا خدشہ

اسلام آباد: سکیورٹی ہائی الرٹ،دفعہ144نافذ،اجتماعات پرپابندی

اسلام آباد (امت نیوز) اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے موجودہ حالات کے پیش نظر ہائی سیکیورٹی زون میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے، داخلی راستوں پر جانچ پڑتال کے عمل کو سخت کرنے کے ساتھ پولیس کے چاک و چوبند دستے تعینات کر دیئے گئے۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس آفیسرڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ہائی سکیورٹی زون میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ہمہ وقت تیار ہے، کسی قسم کے غیرقانونی عمل کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکو ک چیز یا سرگرمی کے بارے میں اطلاع متعلقہ تھانہ ،ہیلپ لائن پکار۔15یا ’’ آئی سی ٹی ۔15 ‘‘ ایپ پر فوراً دیں۔ ادھر اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے ،کسی غیرقانونی اجتماع کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کچھ افرادلوگوں کو الیکشن کمیشن، دیگر سرکاری اداروں کے اطراف غیر قانونی اجتماعات پر اکسا رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ واضح رہے کہ اجتماع کیلئے راغب کرنا بھی جرم ہے، قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج سب کا حق ہے، ہر غیر قانونی اقدام پر پولیس قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ترجمان نے کہا کہ قانون کی پاسداری سب پر فرض ہے، شہریوں سے گزارش ہے غیر قانونی سرگرمیوں کاحصہ بننے سے گریز کریں۔