کراچی(امت نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جس میں عوام نے بھرپور شرکت کی اور جعلی الیکشن نامنظور کے نعرے لگائے۔ کندھ کوٹ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے امیدوار این اے 191 حافظ نصر نے خطاب کہا کہ جعلی نتائج کے ذریعے پی پی امیدوار کوڈیڑھ لاکھ ووٹ سے جتوایا گیا، یہ عوام کے نمائندے نہیں، کراچی میں 5 نمبر والی پارٹی کو بھاری اکثریت سے جتوایا گیا۔حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے امیدوار این اے 219 معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ جھرلو انتخاب نے عوام کا جمہوریت پر اعتماد ختم کردیا، آدھا ملک گنوانے کے باوجود مقتدر قوتوں نے سبق نہیں سیکھا۔
لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب میں کہا کہ قوم بدترین دھاندلی اور من پسند نتائج کو تسلیم نہیں کرے گی۔ میرپور خاص میں مارکیٹ چوک پر احتجاجی مظاہرے سے مقامی امیر حاجی نور نے خطاب میں کہا کہ 08 فروری کا دن الیکشن اور 09 فروری سلیکشن کا دن تھا، آر او آفس میں اسٹیبلشمنٹ نے من پسند نتائج حاصل کئے۔ سکھر پریس کلب پر صوبائی رہنما علامہ حزب جکھرو نے خطاب میں کہا کہ انتخابات میں عوام کے ووٹ پر تاریخی ڈاکہ ڈالا گیا، جعلی مینڈیٹ اور جعلی حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر علی مردان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں دھاندلی کے تمام رکارڈ توڑ دیئے، آر اوز اور ڈی آر اوز کے ذریعے عوامی حقوق کی سودے بازی کی گئی، کچھ بھی ہوجائے چھینا ہوا مینڈیٹ واپس لیں گے۔
تحریک انصاف کے تحت الیکشن کمیشن کے باہر انتخابی دھاندلی اور نتائج میں تبدیلی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، احتجاج میں پی ٹی آئی کے رینما خرم شیر زمان دیگر بھی موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کل بھی تحریک انصاف کا تھا آج بھی ہے، مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ہم پرامن پاکستانی ہیں، ہمیں پولیس سے لڑانے کی کوشش کی جارہی، کارکنان سے کہتا ہوں پُرامن احتجاج کریں، اپنی جنگ عدالتوں میں لڑیں گے، وقت آئے گا تو جنگ سڑکوں پر بھی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالت فارم 45 لیکر جائیں گے، درخواست جمع کرادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کو کراچی میں 17 نشستیں دی وہ پولیس کو مارتے تھے۔ ایسے لوگ ہمیں قبول نہیں، اپنی نشستیں واپس لیں گے۔