اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاق میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا، صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کے نام پر منگل تک فیصلہ ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اس بارپارلیمان میں خریدوفروخت کا راستہ روکیں گے، وفاداریاں تبدیل کرنےوالوں کیخلاف عدالت جائیں گے۔ہم نے ارکان سے کوئی حلف نامہ اور استعفیٰ نہیں مانگا۔ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ کس جماعت کو جوائن کرنا ہے، تاہم ایک دوروزمیں فیصلہ ہوجائیگا ۔
انہوں نےکہاکہ ہم کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرینگے، جماعت اسلامی کو اپروچ کرنے کی خبریں غلط ہیں،ہم نے جماعت سےکوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو نتائج فارم 45 میں تھے وہی فارم 47 میں شائع کیے جائیں، 70 نشستوں پر معاملہ متنازع ہے الیکشن کمیشن جلد نمٹائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کیلئے ابھی تک کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔
دریں اثنا پی ٹی رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم نے فارم 45 اکٹھے کیے ہیں، ہماری 182سیٹیں بنتی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری جیتی ہوئی نشستیں ایم کیو ایم کو دی گئی ہیں ۔ملکی تاریخ میں اتنی بد ترین دھاندلی پہلی بار ہوئی ۔پی ٹی آئی رہنماء علی محمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا نیا فیز شروع ہوگیا ، اللّٰہ کے حکم اور کارکنوں کی محنت سے کامیابی ملی، انہوں نے کہا کہ کارکن آج کے بعد کسی ایم این اے یا ایم پی اے کو کمیشن نہ لینے دیں، کوئی ایسا کرے تو کارکن اس کیخلاف نکلیں۔
آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آر او آفس نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، انہوں نے انٹرنیٹ سروس بند کردی۔انہوں نے کہاکہ میں 53 ہزار کی لیڈ پر تھا، 12 بجے کے بعد رزلٹ تبدیل کردیا گیا، میرے مخالف کو جتوا دیا، نہ فارم47 کی کاپی ملی نہ اندر جانے دیا گیا۔ہم ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے۔پی ٹی آئی رہنما ء عاطف خان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اْمید ہے بانی پی ٹی آئی اچھی شہرت کے مالک کو خیبرپختونخوا کا وزیرِ اعلیٰ نامزد کریں گے۔