لاہور (امت نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سب کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ تھی، یہ عوام، ووٹرز کے ساتھ زیادتی تھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،جعلی الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنے گی، وہ بھی جعلی ہوگی، عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیئے، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی لیڈر شپ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کے لئے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا، تمام آزاد سرویز کے مطابق شہر کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ایم کیوایم کہیں موجود نہ تھی، کراچی کے عوام اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں۔مزید برآں امیر جماعت اسلامی کراچی روانہ ہوئے جہاں سندھ الیکشن کمشنر دفتر کے سامنے جماعت اسلامی کراچی کے احتجاجی دھرنے کی قیادت کریں گے۔