لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانےوالے پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، پولیس نے جرات و بہادری کی ایک اور تاریخ رقم کی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب پولیس کے جری جوانوں نے دہشت گردوں کا جس بہادری سے مقابلہ کیا اس پر قوم کو فخر ہے، ڈی پی او میانوالی اور تمام پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب 12 سے 13 دہشتگردوں نے رات کے اندھیرے میں پولیس ناکے پر تین اطراف سے حملہ کیا، پولیس نے بہترین حکمت عملی سے حملہ ناکام بنا دیا، پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشتگرد فرار ہوگئے تھے۔