امریکا(اُمت نیوز)امریکی شہر سان فرانسسکو میں مشتعل ہجوم نے ویمو ٹیکسی کو آگ لگا دی۔ شہریوں نے بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود سے چلنے والی گاڑیاں حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔
سان فرانسسکو میں ڈرائیور لیس ٹیکنالوجی کے بارے میں دن بہ دن شہریوں کے تحفظات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ جب سے شہر میں روبو ٹیکسی کی خدمات کو گرین لائٹ کیا گیا ہے تب سے متعدد حادثات پیش آچکے ہیں۔
روئٹرز کے مائیکل ونڈی کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ سان فرانسسکو کے چائنا ٹاؤن میں قمری نئے سال کی تقریبات کے دوران ہجوم نے گاڑی کو گھیر لیا تھا۔
فوٹیج میں ہجوم میں شامل ایک شخص کو یہ کہتے سنا گیا کہ ’اس گندگی کو آگ لگا دو‘۔
اس کے علاوہ سان فرانسسکو فائر ڈپارٹمنٹ میڈیا نے اپنے ٹوئٹ میں جلائی گئی ٹیکسی اور آگ بجھانے کی کوشش کرتے فائر فائٹرز کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ویمو گاڑی کو گھیر کھڑکیاں توڑی گئیں اور پھر آگ لگادی گئی۔
واضح رہے کہ ٹیکسی کو جلانے کا مقصد واضح نہیں ہوسکا تاہم شہر میں ڈرائیور کے بغیر ٹیکنالوجی کے بارے میں عدم اعتماد بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔