پشاور: تحریک انصاف میں علی امین گنڈا پور کی بطور وزیر اعلیٰ کے پی نامزدگی پر اختلافات سامنے آ گئے ۔وزارت اعلیٰ کے معاملے پر پی ٹی آئی میں 3 گروپ بنے ہوئے ہیں، مشتاق غنی، علی امین گنڈاپور اور عاطف خان وزارت اعلیٰ کے لیے گروپ کے ساتھی یا خود وزیر اعلیٰ بننا چاہتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی نامزدگی پر اسد قیصر، مشتاق غنی، عاطف خان اور شہرام ترکئی ناخوش ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو نامزد کیا ہے جبکہ ٹکٹ کی تقسیم پر بھی عاطف خان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر عاطف خان کو نظر انداز کیا گیا تھا۔
عاطف خان نے سوشل میڈیا پر بیانات میں علی امین گنڈاپور کو وزیر اعلیٰ نہ بنانے کا اشارہ دیا تھا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے اچھی شہرت والے کو وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔عاطف خان نے بیانات میں پرویز خٹک اور محمود خان سے اپنی مخالفت کا حوالہ بھی دیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ظاہر شاہ طورو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے نام پر سب متفق ہیں کوئی اختلاف نہیں۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے بھی کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا وزارت اعلیٰ سے متعلق فیصلہ قبول ہے۔