کراچی(امت نیوز) جی ڈی اے سربراہ پیر پگارا کی آواز اہلیان سندھ کی آواز ہے، 16 فروری کو لاکھوں عوام جامشورو بائی پاس پر احتجاجی دھرنے میں شریک ہوں گے، چیف جسٹس پاکستان فراڈ انتخابات کا سوموٹو لیکر انتخابات کو کالعدم قرار دیں، سندھ میں جی ڈی اے رہنماؤں، کارکنان اور ہمدردوں کے خلاف دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں، نگراں حکومت ہوش کے ناخن لے ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل صفدر عباسی، لیاقت جتوئی، سردار عبدالرحیم، حسنین مرزا، نند کمار گوکلانی اور دیگر نے فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ پیر پگارا نے بہت کچھ واضع کردیا، الیکشن مشکوک ہوچکے، دنیا بھی ماننے کو تیار نہیں، 54 سیٹوں پر زرداری وہ کچھ مانگ رہے ہیں، جو ناممکن ہے، نواز شریف اس سے مزید کچھ مانگ رہے ہیں، نئی بننے والی حکومت مشکوک ہوگی، پیپلز پارٹی سندھ میں عوام کی جانب سے مسترد جماعت ہے، سندھ میں تمام سیاسی جماعتیں جی یو آئی، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور دیگر فراڈ انتخابات کو مسترد کرچکی ہے، سندھ کی عوام کو دھاندلی زدہ انتخابات قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا، پیر پگارا نے پاکستانی اور سندھ دوست ہونے کا ثبوت دیا۔