صدر استحکام پارٹی عبدالعلیم خان کی جہانگیر ترین سے ملاقات

لاہور (امت نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان جہانگیر خان ترین رہائش گاہ گئے جہاں پرعبدالعلیم خان نے عون چوہدری کے ہمراہ جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، عبدالعلیم خان نے جہانگیر خان ترین کیلئے مستقبل میں کامیابی وکامرانی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ جہانگیر خان ترین نے عبدالعلیم خان اور عون چودھری کی آمد پر ان دونوں کا شکریہ ادا کیا اور استحکام پاکستان پارٹی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔

ادھر جہانگیرترین کے استعفے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کی نئی حکمت عملی سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان پارٹی کی قیادت کریں گے۔آئی پی پی نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاسی و حکومتی اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم آئی پی پی کسی سیاسی جماعت میں ضم نہیں ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان پارٹی چیئرمین کے بھی فرائض سر انجام دیں گے اور پارٹی کی تنظیم نو کریں گے۔