کراچی (امت نیوز) گارڈن شو مارکیٹ کے قریب گھرمیں 18 سالہ لڑکی پراسرارطور پرجاں بحق ہوگئی،لڑکی کی شناخت تحریم دخترمحمد شفیق کے نام سے ہوئی،لڑکی کے والد نے سسرال پرقتل کا شبہ ظاہرکرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،پولیس کے مطابق ممکنہ طورپرلڑکی نے کوئی زہریلی چیزپی ہے،لڑکی نے 6 ماہ قبل عمرنامی لڑکے سے پسند سے کورٹ میرج کی تھی،جاں بحق لڑکی پیرکی شب اپنے میکے گئی ہوئی تھی،پیراورمنگل کی درمیانی شب تقریباً ڈیڑھ بجے شوہر عمرکے ہمراہ واپس آئی۔
شوہرکا کہنا ہے کہ راستے میں ہم لوگوں نے لسی خریدی تھی جو ہم نے گھرپرآکرپی تھی جس کے بعد ہم سوگئے تھے اورایک گھنٹے کے بعد تحریم کی طبیعت خراب ہوگئی اوراسے الٹیاں اورموشن ہونے لگے،پھرچار بجے کے بعد ہم دوبارہ سوگئے،صبح 7 بجے وہ جم جانے کیلئے اٹھا تو تحریم بھی اٹھ گئی تھی اورتحریم نے ہی جم جانے کے لیے کپڑے نکال کردیئے تھے،9 بجے کے قریب گھر واپس آیا تو تحریم سورہی تھی،اسے اٹھانے کی کوشش کی تووہ نہیں اٹھی،جس پروہ اپنی بیوی کو اسپتال لے گیاْ۔
تحریم کے والد محمد شفیق کا کہنا ہے کہ سسرال سے صبح فون آیا تھا کہ تحریم بے ہوش ہوگئی ہے،بیٹی کے سسرال جاکردیکھا تو وہ مردہ حالت میں پڑی تھی،انہوں نے بتایا کہ تحریم کے سسرشادی سے ناراض تھے،محمد شفیق نے مطالبہ کیا کہ پولیس واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کرے اورحقائق سامنے لائے۔