فائل فوٹو
فائل فوٹو

کسی کے مینڈیٹ پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہئے، خورشید شاہ

اسلام آباد(امت نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اخلاقی طور پر وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار نہیں بننا چاہئے کیوں کہ لاہور سے اُن کے انتخاب پر کئی سوالیہ نشان ہیں اور یہ تاثر عام ہے کہ انہیں جتوایا گیا ہے۔ بطور سیاسی ورکر میری یہ رائے ہے کہ ہمیں کسی کے مینڈیٹ پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہئے اور پیپلز پارٹی کسی اور جماعت کے منتخب ممبر کو اپنے ساتھ شامل نہیں کریگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ممبران اسمبلی کو نہیں توڑنا چاہئے اور اصل مینڈیٹ ان ممبروں کے پاس نہیں بلکہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔ مسلم لیگ ن کو بھی تعداد کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہئے۔ اور اپنے بیانئے ووٹ کو عزت دو کا پاس رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے کیلئے شہباز شریف یا ایاز صادق بھی متبادل امیدوار ہو سکتے ہیں۔ یہ بات جمہوریت کی روح کیخلاف ہے کہ ہم وزیر اعظم کے عہدے کی مدت کو آپس میں تقسیم کر لیں۔ جمہوریت اور ریاست کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو نہ چھیڑا جائے کیوں کہ کسی کے مینڈیٹ سے کھیلنا عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ سپریم کورٹ کا یہ فرض ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو پابند کرے کہ وہ فارم 45 کے مطابق 15دن میں فیصلے کرے۔ ابھی تو الزام الیکشن کمیشن پر ہے لیکن اگر الیکشن ٹربیونلز میں گڑبڑ ہوئی تو پھر ذمہ دار جیوڈشری ہوگی۔

پی ٹی آئی کی اسپورٹ سے منتخب اراکین کو جلد یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ انہیں کس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنی ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے فیصلے مسلط نہیں کریگی بلکہ ریاست کے مفاد میں کو مدنظر رکھ کر آگے بڑھے گی۔ جہانگیر ترین نے بہترین فیصلہ کیا ہے اور وہ انہیں اس فیصلے پر شاباش دیتے ہیں۔