اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج اسد قیصر کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جیل حکام کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے رجوع کیا، ملنے کی اجازت نہ دی، بطور رکن پی ٹی آئی جیل حدود میں عمران خان سے ملاقات درخواست گزار کا بنیادی حق ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سیاسی اور قانونی مشاورت کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرانے کے احکامات جاری کرے، عدالت سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے مشاورتی ملاقات کے دوران پرائویسی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسد قیصر نے ایڈووکیٹ عائشہ خالد کے ذریعے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔