آئی ایم ایف کیساتھ نیا قرض پروگرام سائن کیے جانے کا امکان

اسلام آباد (اُمت نیوز) حکومت کی جانب سے موجودہ قرض پروگرام ختم ہونے کے ساتھ آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام سائن کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ کیلئے آئی ایم ایف وزارت خزانہ کو تجاویز دے گا جبکہ آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی 3 سال کیلئے سائن کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے مذاکرات دوسرے اقتصادی جائزہ کے ساتھ ہوں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ 6 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام سائن کیا جا سکتا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نئے قرض پروگرام سے قبل آئی ایم ایف کے ساتھ تمام شرائط پر عملدرآمد کیلئے یقین دہانی کرائی جائے گی، نئے قرض پروگرام کے تحت بجلی، گیس مہنگی اور سبسڈیز پر مزید کٹوتی کی جائے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ نے مزید بتایا ہے کہ نیا قرض پروگرام موجودہ سٹینڈ بائی ارینجنٹ معاہدہ سے زیادہ مشکل شرائط پر مبنی ہو گا۔