اسلام آباد: نگران حکومت نے ماہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ پر 7 ارب 49 کروڑ 27 لاکھ روپے کی سبسڈی کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران رمضان پیکیج کی منظوری دیدی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں درآمدی یوریا کھادپروفاق کے حصے کی سبسڈی کی رقم بھی منظورکی گئی،وفاق اورصوبے درآمدی یوریا پر50،50 فیصدشیئرنگ کے لحاظ سے سبسڈی دیں گے، 1263 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کی کمیشننگ کی بھی منظوری دیدی گئی ہے،ای سی سی اجلاس میں ادارہ شماریات نے مہنگائی کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔
رمضان پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر مستحق افراد کو سستی اشیاضروریہ ملیں گی، بی آئی ایس پی کے ٹارگٹڈ مستحقین کو 7 ارب 49 کروڑ سے زائد کی سبسڈی دی جائےگی، ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم کے تحت گندم کی درآمد اور آٹا برآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ای سی سی نے متعلقہ وزارتوں کو ویلیو ایڈڈ برآمدات بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
ای سی سی کے اجلاس میں مختلف شعبوں کی تجاویز پر انفرادی کسٹمز ٹیرف ریشنلائزیشن کی بھی منظوری دیدی گئی ، ای سی سی کا کہناتھا کہ کسٹمز ڈیوٹیوں کی شرح میں رد وبدل ٹریڈ پالیسی کے مطابق ہونی چاہیے، اجلاس میں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی ادائیگی کی خاطر وزارت تجارت کیلیے6 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
ای سی سی نے کہا کہ صوبائی حکومتیں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی مد میں اپنے حصے کے بقایاجات ادا کریں، اجلاس میں 1263میگاواٹ پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ جھنگ کی کمیشنگ کی بھی منظوری دیدی گئی۔