لاہور: پاکستان مسلم ن کی نائب صدر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ وزیراعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ نوازشریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں ، وہ بھر پور سیاست کریں گے ۔
ٹویٹر پر جاری پیغام میں مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ "وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول نہ کرنے کا مطلب اگر یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں تو اس میں کوئی سچائی نہیں۔ اگلے 5سال وہ نہ صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی تینوں حکومتوں میں عوام نے واضح اکثریت دی تھی اور یہ بات وہ انتخابی تقاریر میں میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے واقف ہیں انہیں نواز شریف کے اصولی موقف کا پتہ ہے۔ شہباز شریف اور میں ان کے سپاہی ہیں، انکے حکم کے پابند ہیں اور ان کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے، اللہ ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔
یاد رہے کہ نوازشریف نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول نہ کرتے ہوئے شہبازشریف کو وزیراعظم نامزد کر دیاہے جبکہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کیلئے مریم نواز کو نامزد کیا گیاہے ۔