اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر مہر تاج روغانی نے نشست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے آخری اجلاس میں ارکان نے سینیٹ کمیٹیوں کی کارروائی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا، کمیٹی میں چیئرمین کمیٹی عرفان صدیقی نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ہدایات ملی ہیں کہ اب مزید کمیٹی نہیں ہونگی اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ دوسری ہدایت یہ بھی ملی ہے کہ ممبرز اپنا ایجنڈا شامل نہیں کریں گے اور ایجنڈا میں وہی نکات شامل ہونگے جو ہائوس کی جانب سے بھیجا جائے گا لہٰذا یہ اس کمیٹی کا آخری اجلاس ہے۔
اجلاس کے دوران سینیٹر مہر تاج روغانی نے وزارت تعلیم اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تعلیم پر شدید تنقید اور غصے کا اظہار کیا، بولیں اس ایجنڈے میں کوئی نئی چیز شامل نہیں، میں چھ سال سے اپنے بل پر پیش رفت نہیں کرا سکی، مجھے افسوس ہے کہ ہماری باتوں میں وزن نہیں ہو گا کہا یہ ہمارے لیے دکھ کی بات ہے کہ آج بھی سٹوڈنٹس وہیں کے وہیں کھڑے ہیں۔
مہر تاج روغانی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے ناکام ہوکر میں سینیٹ چھوڑ رہی ہوں، کمیٹی ممبر سینیٹر مشتاق نے کہ پارلیمنٹ عوام کو حق نہیں دے سکی، مجھے دکھ ہے کہ ہم ناکام ہوئے،چیئرمین کمیٹی عرفان صدیقی نے بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے تو افسوس ہو رہا ہے کہ ہم یہ کام نہیں کرسکے، جس پر نگران وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم 6 سال میں تعلیمی مسائل حل نہ کر سکے،آئندہ حکومت میں اس مقصد کے لئے پورے 5 سال وقف کرنے کی ضرورت ہے۔