اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے مطابق گھوٹکی، کوہاٹ اور خوشاب کے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پرکل دوبارہ پولنگ ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 خوشاب 2 میں 26 پولنگ اسٹیشن پرکل دوبارہ پولنگ ہوگی، 8 فروری کو حلقے کے 26 پولنگ اسٹیشن کے پولنگ مٹیریل کو مشتعل ہجوم نے آگ لگا دی تھی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 9 کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر 16 فروری کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 253 کوہلو اور پی بی 9 کے 7 پولنگ سٹیشنز پو دوبارہ پولنگ 16 فروری کو ہوگی جبکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 43 ٹانک کے چھ پولنگ اسٹیشن پر 17 فروری کو دوبارہ پولنگ کی جائے گی، 6 پولنگ اسٹیشن پر امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔
پی ایس 18 گھوٹکی میں نامعلوم افراد نے دوپولنگ اسٹیشن کا میٹریل چھین لیا تھا جس کے باعث دونوں پولنگ اسٹیشن پر انتخابات کل ہوں گے۔
پی کے 90 کوہاٹ کے دہشت گردوں کے ہاتھوں 15 پولنگ اسٹیشن کا پولنگ میٹریل تباہ کیا گیا جس کے باعث 25 پولنگ اسٹیشن پر 15 فروری کو دوبارہ انتخابات ہوں گے۔
ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 6 پولنگ اسٹیشنزپر بھی دوبارہ پولنگ کا اعلان
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا اعلان کردیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال اور پولنگ نہ ہونے کی وجہ سے اعلامیہ جاری کیا گیا۔
ای سی پی کے مطابق این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی تھی تاہم ان تمام پولنگ اسٹیشنز پر 17 فروری کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔