اسلام آباد: این اے 55راولپنڈی انتخابی عذر داری کیس میں وکیل راجہ بشارت نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45دیکھ لیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا،الیکشن کمیشن نے انتخابی عذر داری کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن میں این اے 55راولپنڈی انتخابی عذرداری کیس کی سماعت ہوئی،این اے 55سے کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،وکیل ملک ابرار نے کہاکہ ریٹرننگ افسر این اے 55کا حتمی نتیجہ جاری کر چکاہے،الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے،مزید تحقیقات کیلئے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جا سکتا ہے۔
وکیل راجہ بشارت نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55سے راجہ بشارت جیت رہے تھے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے،دھاندلی اور نتائج ردوبدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی دیں، وکیل نے کہاکہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45دیکھ لیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، الیکشن کمیشن نے این اے 55 راولپنڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 56 اور57سے کامیاب امیدواروں کو نوٹسز جاری کر دیے۔
الیکشن کمیشن میں این اے 57سے امیدوار سمابیہ طاہر کی درخواست پر سماعت ہوئی، وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ فارم 45کے مطابق سمابیہ طاہر کے 1لاکھ 1ہزار سے زائد ووٹ تھے،مبینہ کامیاب امیدوار دانیال چوہدری کے 50ہزار ووٹ تھے۔
سمابیہ طاہر 51ہزار ووٹ کی لیڈ سے کامیاب ہوئیں،آر او نے سمابیہ طاہر کو کوئی حتمی رزلٹ مرتب کرنے کا نوٹس جاری نہیں کیا،فارم 45کے مطابق فارم 47مرتب نہیں کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آر او نے رپورٹ میں لکھا حتمی نتیجہ قانون کے مطابق مرتب ہوا،ہمیں پہلے کامیاب امیدوار کو سننا چاہئے،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کامیاب امیدوار کو نوٹس جاری کریں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے این اے 56سے امیدوار شہریار ریاض کی درخواست پرآراواور کامیاب امیدوار حنیف عباسی کو نوٹس جاری کردیا۔