کیف: یوکرین کی مسلح افواج نے دعوٰی کیا ہے کہ اس نے بحیرہ اسود میں روس کے ’سیزر کونیکوف‘ نامی بڑے جنگی جہاز کو ڈبو دیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کوعلی الصبح کریمیا میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی جو ظاہرکرتی ہیں کہ اس جنگی جہاز کو یالٹا قصبے کے جنوب میں حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
یوکرین کے انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے اس حملے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کے بارے میں ان کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماگورا V5 سمندری ڈرون بحری جہاز پر حملہ کر رہے ہیں۔
روس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، جس نے پہلے کہا تھا کہ اس نے بحیرہ اسود میں چھ ڈرون تباہ کیے ہیں۔ کریملن نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
یاد رہے کہ ماضی میں یوکرین نے مقبوضہ کریمیا میں روس کے بحری بیڑے کو بارہا نشانہ بنایا ہے۔