کراچی (امت نیوز)واٹرکارپوریشن فلیٹ مینجمنٹ پورٹل کاآغازکرنے جارہاہے،فلیٹ مینجمنٹ پورٹل کےآغاز سے شہر میں نکاسی آب کانظام کافی بہتر ہوجائےگااور نکاسی آب کے مسائل جلد حل ہونے میں مددملےگی جبکہ پورٹل کے تحت تمام سکشن اور جیٹنگ مشینوں میں ٹریک سسٹم نصب کیےجائیں گے اور ٹریک سسٹم نصب کرنے سےصارفین کو پتاچل سکے گا کہ سکشن اور جیٹنگ مشینیں کس مقام پرموجود ہے اور کہاں پر کام کررہی ہے۔
ان خیالات کااظہار میئرکراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں نکاسی آب کےحوالےسےاعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئرکراچی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورکرام اللہ وقاصی، پی پی رہنمانجمی عالم،سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئرسیدصلاح الدین احمد، سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان،چیف انجینئر سیوریج آفتاب چانڈیو،دل محمد،سکندر بلوچ، جمن درمان سمیت تمام سپرینٹنڈنٹگ اور ایگزیکٹو انجینئرز اجلاس میں موجود تھے۔
میئرکراچی نے اجلاس کےدوران واٹرکارپوریشن کے تمام اضلاع کے سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تمام ٹاؤن چیئرمین اور یو سیز چیئرمین کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ لائنوں کی صفائی، ٹوٹے مین ہولز کی تعمیر، دھنسنےوالی سیوریج لائنوں کی تبدیلی سمیت دیگر امور مکمل کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک اور واٹرسیوریج سروسزامپرومینٹ کے مشترکہ تعاون سے شہر کے نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے مؤثراقدامات کیے جارہے ہیں۔