اسلام آباد(امت نیوز) اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا وفد مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کیلیے اُن کی رہائش گاہ پہنچ گیا جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی اہم ملاقات جاری ہے۔۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر گوہر خان، اسد قیصر، بیرسٹر سیف اللہ اور اخونزادہ حسین احمد پر مشتمل وفد نے آج مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کی قیادت کا جمعیت علماء اسلام کی قیادت سے رابطہ ہوا تھا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے پی ٹی آئی وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، ساتھ ہی حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمٰن تک پہنچایا، اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی دعوت دی۔
وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے عمر ایوب کی بطور وزیر اعظم امیدوار کے لئے بھی حمایت مانگ لی۔ پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ ہمارے پی ٹی آئی سے اختلافات رہے ہیں، ہمیں ان کے جسموں سے کوئی مسئلہ نہیں، ان کے دماغوں سے مسئلہ ہے، وہ ٹھیک ہوجائیں گے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھاندلی ہوئی تو ساتھ آجائے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھاندلی نہیں ہوئی تو وہ بیٹھ جائے اور عیاشی کرے۔