کویت سٹی: امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر نے پارلیمان کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیاسی عدم استحکام کے شکار ملک کویت میں ایک بار پھر حکومتی بحران پیدا ہوگیا۔ ارکان اسمبلی نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا جبکہ کابینہ اور ارکان اسمبلی کے درمیان مذاکرات بھی نہ ہوسکے۔
اجلاس کے بائیکاٹ سے قبل ارکان اسمبلی نے سخت تقاریر کیں جس میں وزیراعظم ،کابینہ اور امیر کویت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ کابینہ نے ان ریمارکس کو امیر کی توہین قرار دیا۔
گزشتہ برس کے وسط میں منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی اور شاہی خاندان کی جانب سے مقرر کردہ کردہ کابینہ کے درمیان اختلافات پہلے دن سے ہی سامنے آنا شروع ہوگئے تھے۔
وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے تحلیل کی تجویز دی جسے کابینہ نے منظور کرلیا تھا اور اب امیرِ کویت نے بھی اس کی توثیق کرتے ہوئے شاہی فرمان جاری کردیا۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر کے شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی وجہ ارکان اسمبلی کے جارحانہ اور بے قابو بیانات ہیں جس سے انتشار نے جنم لیا۔